پاکستان ہاکی فیڈریشن

پاکستان ہاکی فیڈریشن کاقومی کھیل کی سرگرمیاں ہاکی فائیو سے شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی کھیل کی سرگرمیاں ہاکی فائیو سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے دوسرے کھیلوں کی طرح قومی کھیل ہاکی کی سرگرمیاں بھی التواء کا شکار ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے ایک انٹرویومیں کہاکہ انٹر نیشنل ہاکی کی سرگرمیاں شروع ہونے جا رہی ہیں اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پرو ہاکی لیگ کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی ایچ اور ایشین ہاکی فیڈریشن سے ہماری خط وکتابت جا ری ہے اور انہوں نے بھی گرین سگنل دیا ہے کہ جہاں ممکن ہو سرگرمیاں شروع کی جائیں لیکن احتیاطی تدابیر کو اولین اہمیت دی جائے۔

آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم بھی اپنی سرگرمیاں ایس او پیز کے ساتھ شروع کرنے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی اسپورٹس بورڈ سے بھی مدد مانگی ہے۔سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ہمارا پلان ہے کہ ہم اگست کے آخر میں ہاکی فائیو کا ایک ایونٹ کرائیں، یہ لیگ کی بنیاد پر بھی ہو سکتا ہے اور نیشنل چمپئن شپ بھی کرائی جا سکتی ہے جب کہ سینیئر اور جونیئر ٹیموں کی منیجمنٹ سے اس حوالے سے بات چیت کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپر ورک کا آغاز کر دیا ہے اور امید ہے کہ ہم ہاکی فائیو کرانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ہاکی فائیو فارمیٹ بہت مقبول ہو گا جس طرح کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی نے مقبولیت حاصل کی، اسی طرح یہ فارمیٹ ہاکی میں مقبول ہو گا، جس سے لوگوں کو تفریح ملے گی۔

آصف باجوہ نے کہا کہ انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے 2023 میں ہاکی فائیو کا ورلڈ کپ کرانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے، ہو سکتا ہے کہ حالات کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ ایک برس آگے چلا جائے لیکن ہاکی فائیو میں پاکستان بھرپور حصہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی فائیو کے علاوہ ستمبر اور اکتوبر میں ضابطہ کار کے تحت نیشنل ہاکی چمپئن شپ بھی کرائیں گے۔آصف باجوہ نے کہا کہ سینئر اور جونیئر کوچز کی رائے کے ساتھ 30 قومی کھلاڑیوں کو 30، 30 ہزار روپے وبا الاؤنس دیا جا رہا ہے اور یہ الاؤنس براہ راست کھلاڑیوں کو پہنچایا جائے گا۔

سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے مالی حالات اچھے نہیں ہیں لیکن کھلاڑیوں کی ویلفیئر کے لیے کام کرتے رہیں گے۔