سردار ایاز صادق 51

پاکستان گورننس فورم کا قیام شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا،سر دار ایاز صاد ق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم کا قیام شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، جوابدہی کے عمل کیلئے بہتر گورننس بے انتہا اہمیت کی حامل ہے، گورننس کا آغازہمیشہ گھر سے ہوتا ہے اسی لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سنیارٹی ، فٹنس اور ٹیسٹ کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے زیر اہتمام ”پاکستان گورننس فورم” سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے دور میں گورننس کو بہتر بنانے اور شفافیت لانے کیلئے ”پاکستان گورننس فورم” کا قیام بے انتہا اہمیت کا حامل ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہوتی ہے، اس لئے یہ ادارہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے جوابدہی کا عمل بہت ضروری ہے ، ہم نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں بہتر گورننس کیلئے متعدد اصلاحات کی ہیں کیونکہ گورننس کا آغاز ہمیشہ گھر سے ہوتا ہے ،

ہم نے شفافیت کیلئے سنیارٹی ، فٹنس اور ٹیسٹ کو بنیادی حیثیت دی ہے، پارلیمنٹ جمہوری نظام میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے، پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی احتساب کا سب سے اہم فورم ہے۔ سردار ایاز صاد ق نے کہا کہ قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کی نمائندگی ہوتی ہے،

اس کمیٹی کوبا اختیار بنانے اورفیصلہ سازی کو ادارہ جاتی حیثیت دینے کیلئے سپیکرکے اختیارات منتقل کئے گئے ہیں۔ بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ گورننس سے متعلق قانون سازی ہورہی ہے ،شفافیت اور گورننس کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، پاکستان گورننس فورم بہتر گورننس کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں