مظفرآباد ٹائیگرز 126

پاکستان کے یوم آزادی پر مظفرآباد ٹائیگرز کی یادگار فتح،ہوم ٹیم نے راولا کوٹ ہاکس کو 7رنز سے شکست دیدی

مظفر آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے یوم آزادی پر کشمیر پریمیئر لیگ کا کوالیفائر ایک اور یادگار مقابلے کا گواہ بن گیا جس میں مظفرآباد ٹائیگرز نے راولا کوٹ ہاکس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے مظفرآباد اسٹیڈیم میں راولاکوٹ ہاکس نے ٹاس جیت کر پہلے ہوم ٹیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو مظفرآباد کے ٹائیگرز ابتدا میں چوک گئے۔ کپتان محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے رن آئوٹ ہوئے، ذیشان اشرف محض 5 رنز بنا کر عمران رندھاوا کا نشانہ بنے جبکہ صہیب مقصود (17)، سہیل اختر (1) اور سہیل تنویر (10) بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ 51/5کی نزائی صورتحال سے ابھی مظفرآباد ٹائیگرز کی ٹیم نبردآزما تھی کہ 30 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے کے بعد انضمام الحق بھی ایک چوکے اور دو چھکوں کے ساتھ رخصت ہوگئے۔

74/6 پر محمد وسیم جونیئر (9) نے انورعلی کو جوائن کیا تو ساتویں وکٹ پر 26رنز کے اضافے کے ساتھ 16ویں اورر میں 100رنز مکمل ہوئے۔ انور علی نے روایتی طور پر ایک اور جارحانہ مگر ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 35 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 57رنز بنائے جبکہ اسامہ میرکے 20*رنز بھی مظفرآباد ٹائیگرز کو 164/8 تک پہنچا دیا۔ محمد عمران رندھاوا اور دانش عزیز نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔گزشتہ میچز کے مقابلے میں یہ ہدف اتنا بڑا نہیں تھا کہ لیکن تماشائیوں کے نعروں اور برقی قمقموں کے تل راولاکوٹ ہاکس کی ٹیم 157پر ڈھیر ہوگئی جس کا ذمہ دار تجربہ کار فاسٹ بولر سہیل تنویر تھا۔ صاحبزادہ فرحان (7)اور احمد شہزاد(3) کو سہیل تنویر نے ابتدا میں چلتا کیا جبکہ بسم اللہ خان (19) اور کاشف علی (13) بھی زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کرسکے۔ شاہد آفریدی دو چوکوں کے ساتھ 11 رنز بنا کر اسامہ میر کے ہاتھوں آوٹ ہوئے تو گیارہویں اوور میں 65/5کے اسکور پر میچ راولاکوٹ ہاکس کے ہاتھ سے نکل رہا تھا۔

حسین طلعت نے دانش عزیز کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ پر 52رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ہاکس کی پرواز کو بلند کرنے کی کوشش کی مگر سولہویں اوور میں محمد وسیم جونیئر نے حسین طلعت کو رن آوٹ کرکے سنسنی پھیلا دی۔ حسین طلعت نے 35 گیندوں پر دو چوکے اور چر چھکے لگاتے ہوئے 52رنز بنائے۔ دانش عزیز نے 22 گیندوں پر تین چوکوں ار دو چھکوں کے ساتھ 37رنز بنائے مگر انیسویں اوور میں سہیل تنویر نے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو اپنا نشانہ بنا لیا اور پھر اگلی ہی گیند پر انور علی کیشاندار کیچ نے وقاص مقصود کو بھی چلتا کردیا۔ ارشد اقبال کے آخری اوور میں 9رنز درکار تھے جسے آصف آفریدی ()ممکن بنا سکتے تھے مگر چوتھی گیند پر محمد وسیم جونیئر نے زمان خان کو رن آوٹ کرکے میدان کا چکر لگایا تو مظفرآباد ٹائیگرز کی جیت کا اعلان ہوچکا تھا۔ راولا کوٹ ہاکس کو 157پر ڈھیر کرتے ہوئے 7 رنز کی فتح کیساتھ مظفرآباد ٹائیگرز نے کشمیر پریمیئر لیگ کے فائنل میں قدم رکھ دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں