اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد علی ملک نے کہا کہ پاکستان کے پاس چینی کرنسی آر ایم بی کے استعمال اور سرمایہ کاری کی حمایت کے لیے ایک جامع ریگولیٹری سسٹم موجود ہے۔
پاکستان آر ایم بی کلیئرنگ بینک (چائنا انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک کراچی برانچ) نے پاکستان میں آر ایم بی کے بین الاقوامی حیثیت حاصل کرنے کی 10 ویں سالگرہ پر کراچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ محمد علی ملک نے تقریب میں شرکت کی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ایک تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آر ایم بی پاکستان میں بہت زیادہ صلاحیت اور امکانات رکھتا ہے اور اس سے تمام فریقوں کو مزید فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
پاکستان کے پاس آر ایم بی کے استعمال اور سرمایہ کاری کی حمایت کے لیے پہلے سے ہی ایک مضبوط ریگولیٹری سسٹم موجود ہے، اور پاکستان کے مرکزی بینک نے آر ایم بی کو فروغ دینے اور ٹرانزیکشن کلیئرنگ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں،تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کاروباری ادارے اور مقامی بینک آر ایم بی سے متعلق کاروبار کے فوائد کو پوری طرح سمجھیں۔
اس موقع پر پیپلز بینک آف چائنا کے میکرو پروڈینشل مینجمنٹ بیورو کے ڈائریکٹر چو یونگ کھون نے اپنی آن لائن تقریر میں کہا کہ 2024 میں، چین اور پاکستان کے درمیان اشیاء کی تجارت میں آر ایم بی کی ٹرانزیکشنز 19.4 بلین یوآن تک پہنچ گئیں، جو کہ اسی عرصے میں پاکستان میں کل کراس بارڈر ٹرانزیکشنز کا 23 فیصد ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل میں آر ایم بی کی ترقی کے لیے ابھی بھی وسیع گنجائش موجود ہے۔









