کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کے بیرونی و مقامی قرضوں کا حجم تاریخ میں پہلی بار 78 ہزار ارب کا ہندسہ پار کرگیا۔
پاکستانی قرضوں کے بڑھنے سے ہر پاکستانی تقریبا چار لاکھ کا مقروض ہوگیا۔ ملکی قرضوں کا مجموعی حجم ایک سال میں 71 ہزار 647 ارب سے بڑھ کر دسمبر 2025 میں 78 ہزار 529 ارب روپے ہوگیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان کے مجموعی قرضے ایک سال میں 9.6 فیصد اور ایک ماہ میں 1.3 فیصد بڑھے۔
دستاویز کے مطابق پاکستان کے قرضوں کا مجموعی حجم نومبر 25 میں 77 ہزار 536 ارب روپے تھا، ملکی مقامی قرض ایک سال میں 49 ہزار 883 ارب سے بڑھ کر پہلی بار 55 ہزار 363 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
دستاویز کے مطابق دسمبر 2024 سے دسمبر 2025 تک مقامی قرضے 11 فیصد اور ایک ماہ میں 1.4 فیصد بڑھے، ایک ماہ میں مقامی قرضے 54 ہزار 611 ارب روپے سے بڑھ کر 55 ہزار 363 ارب روپے ہوگئے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضے سالانہ 6.4 فیصد بڑھ کر 21 ہزار 764 ارب روپے سے 23 ہزار 166ارب روپے ہوگئے۔
دستاویز کے مطابق بیرونی قرضے ایک ماہ میں 1.1 فیصد بڑھ کر 22 ہزار 925 ارب سے 23 ہزار 166 ارب روپے پر آگئے، بیرونی و مقامی قرضوں پر سود ادائیگی کا حجم 3 ہزار 8 سو ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔
قرض اور سود کے علاوہ سرکاری ضمانتوں کی رقوم کا حجم 5 ہزار 217 ارب روپے پر پہنچ گیا، ملکی قرض، سود ادائیگیاں اور سرکاری ضمانتوں کی رقوم کا مجموعی حجم پہلی بار 87 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔









