چاول 53

پاکستان کی چین کو چاول کی برآمدات 62 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان کی چین کو چاول کی برآمدات 2025 کے دوران 62 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے سال 2025 میں چین کو مجموعی طور پر 157.74 ملین کلوگرام چاول برآمد کیے،ان برآمدات میں نیم یا مکمل طور پر ملڈ چاول کا حصہ سب سے زیادہ رہا جس کی مقدار 110.10 ملین کلوگرام اور مالیت 46.86 ملین ڈالر رہی۔ اس کے علاوہ مختلف اقسام کے ٹوٹے ہوئے چاول کی برآمدات 47.63 ملین کلوگرام رہیں جو مجموعی برآمدی آمدن کا باقی حصہ بنیں۔چین کا جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ پاکستانی چاول کا سب سے بڑا خریدار ثابت ہوا جہاں ملڈ اور ٹوٹے ہوئے چاول کی مجموعی درآمدات تقریباً 61.8 ملین کلوگرام تک پہنچ گئیں۔

ان ترسیلات کی مجموعی مالیت 26 ملین ڈالر سے زائد رہی۔ گوانگ ڈونگ میں نیم یا مکمل طور پر ملڈ چاول کے ساتھ ساتھ ٹوٹے ہوئے چاول کی بڑی مقدار بھی درآمد کی گئی جو زیادہ تر فوڈ پروسیسنگ صنعت میں استعمال ہوتے ہیں۔چین کا دارالحکومت بیجنگ پاکستانی چاول کی دوسری بڑی منڈی کے طور پر سامنے آیا جس کے لئے نیم یا مکمل طور پر ملڈ چاول کی برآمدات تقریباً 42.93 ملین کلوگرام رہیں جن کی مالیت 15.48 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ یہ اعداد و شمار بیجنگ میں صارفین کے لیے معیاری چاول کی مسلسل اور مستحکم طلب کی عکاسی کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں