فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن )سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ امریکہ ،ایران کے معاملے پر پاکستان کی غیر معمولی سفارتی کامیابی کی وجہ سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسی وجہ سے سندھ طاس معاہدے کو سیاسی دبا ئواور جبر کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے ،بھارت ہوش کے ناخن لے کیونکہ ایسی کوئی بھی کوشش خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کی حامل ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97 کے دورے کے موقع پر کسانوں، تاجروں، سماجی شخصیات اور علاقہ عمائدین سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
دورے کے دوران ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والے افراد کے گھروں میں بھی گئے، جہاں انہوں نے مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 97 کی ترقی، بنیادی سہولتوں کی فراہمی، سڑکوں، سیوریج، پینے کے صاف پانی اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کاوشیں جاری ہیں۔
ہم بر ملا کہتے ہیں کہ حلقے کے عوام ہماری طاقت ہیں اور ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔ حلقے کے دیرینہ مسائل کے حوالے سے علاقہ عمائدین سے بلا تعطل مشاورت کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس سے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل میں بھی آسانی میسر آتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ نوجوانوں سے اپیل ہے کہ تعلیم اور ہنر پر توجہ مرکوز کریں اور ایک دوسرے کا بازو بنیں۔









