رانا ثنا اللہ 9

پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا لیا ہے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا لیا ہے۔پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا لیا ہے۔

صحافی نے استفسار کیا کہ ثالثی کے بعد کیا نوبیل پیس پرائز پاکستان کو ملنا چاہیے؟رانا ثنا اللہ نے جواب دیا کہ نوبیل پیس پرائز کمیٹی ہی طے کرے گی کہ کسے ملنا چاہیے۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ جو کام وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا ہے وہ نوبیل پیس پرائز سے اوپر کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے ایران امریکا معاہدے سے خطے میں امن کے قیام کی امید ہے، ممکنہ تیسری عالمی جنگ کی تباہی سے دنیا کو بچانے کیلیے امن کی کوششیں اہم ہیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے امن کی راہ ہموار ہوئی۔سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جنگی صورتحال کے خاتمے سے خطے میں استحکام آئے گا، عالمی معیشت کو فائدہ ہوگا، ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے خطے میں توانائی کے منصوبے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بحال ہونے سے توانائی بحران میں کمی کی امید ہے، توانائی کی فراہمی بہتر ہونے سے گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں سے متعلق باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں، وزیراعظم نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کابینہ میں نہ اضافے کی بات ہوئی ہے نہ تبدیلی اور نہ ہی کمی کی، وزیراعظم کا اختیار ہے وہ جب چاہیں تبدیلی کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں