' شجاعت حسین 41

پاکستان کی افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن کے دشمنوں کیخلاف برسر پیکار ہیں’ شجاعت حسین

لاہور(نمائندہ خصوصی ) سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن کے دشمنوں کے خلاف برسر پیکار ہیں،پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے ،ہمیں مل کر ملک کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بنانا ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں علما ء ومشائخ کے 20 رکنی وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سابق وزیر اعظم کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات میں صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین اور پاکستان مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری طارق حسن بھی موجود تھے ۔اس موقع پر فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا اورایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی گئی ۔ علمائے کرام نے کہا کہ دشمن کے کسی ایجنڈے اور سازش کو پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے ،پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ،عالم اسلام کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے ۔ وفد نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان کا اثاثہ ہیں ان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی ،چوہدری ظہور الٰہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ شرافت ،رواداری اور عوامی خدمت کی سیاست کی ،اسلام اور پاکستان کیلئے بھی چوہدری شجاعت حسین کی لازوال خدمات ہیں ۔

پاکستان کاہر طبقہ چوہدری شجاعت حسین سے دلی لگا یورکھتا ہے اور ان کی صحت کیلئے دعا گو ہے ۔شجاعت حسین نے کہا کہ پر امن معاشرے کے قیام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما ء ومشائخ کا کلیدی کردار ہے ،اسلام امن،محبت،اخوت،رواداری اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے ،علما ئے کرام اور مشائخ اپنی آواز کے ذریعے اتحاد ،مذہبی ہم آہنگی ،یگانگت اور اخوت کے جذبات کو فروغ دیں۔انہوںنے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے ،علما ئے کرام اس حوالے سے لوگوں کو بھرپور آگاہی دیں۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امورو صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ میں کی گئی اصلاحات سے آگاہ کیا ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے امور میں شفافیت کیلئے اس کی ڈیجیٹائز یش کی جارہی ہے ،اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے بھرپور مہم جاری ہے ،محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔

اسلام ،امن اور سلامتی کا دین ہے جس میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں ،ملک کو دہشتگردی کے عفریت سے نجات دلانے اور اسے امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان ،پاکستان کا عظیم بیانیہ ہے جس پر 18ہزار علما ئے کرام کے دستخط ہیں ،پیغام پاکستان میں فرقہ واریت، دہشتگردی ،انتہا پسندی اور خود کش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے ۔ مولانا عبد الخبیر آزاد نے پیغام پاکستان کی کاپی چوہدری شجاعت حسین کو پیش کی۔اس موقع پر پاکستان کی ترقی ،خوشحالی،سالمیت اور چوہدری شجاعت حسین کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں