لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی استحکام کی ضرورت ہے اور دشمن کے مقابلے کے ساتھ ساتھ معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے،ترقی کے سفر میں مشکلات آتی رہی ہیں لیکن عزم بلند ہے اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے،حکومت کا وژن نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے تاکہ وہ تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں آگے بڑھ سکیں،آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ آئی ٹی پروگرامز اور انٹرپرینیورشپ کے ادارے بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو ای ٹی لاہور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن برائے یوتھ رضوان انور بھی موجود تھے جنہوں نے لیپ ٹاپ سکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر نے تقریب کے دوران 2025ء تک کے تمام سپرنگ سیشنز کے طلبہ و طالبات میں مکمل میرٹ کی بنیاد پر 769لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ مکمل شفافیت اور میرٹ پر دیئے گئے ہیں اور حکومت کا وژن نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے تاکہ وہ تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کرے گی اور ہم چاہتے ہیں کہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی آگے بڑھیں اور پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے بتایا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ آئی ٹی پروگرامز اور انٹرپرینیورشپ کے ادارے بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب طلبہ کوڈنگ کے ذریعے گھر بیٹھے روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپ اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، سوشل میڈیا پر جعلی خبروں سے دور رہیں اور اپنی توانائیاں تعلیم و تحقیق پر مرکوز رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہی پاکستان کی اصل قوت ہیں اور انہی کے ذریعے ملک روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یو ای ٹی کی تعلیم نے عزت اور مقام دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی کے سفر میں مشکلات آتی رہی ہیں لیکن عزم بلند ہے اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی استحکام کی ضرورت ہے اور دشمن کے مقابلے کے ساتھ ساتھ معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کی دفاعی طاقت ایٹمی صلاحیت ہے جبکہ معاشی طاقت نوجوانوں کو بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی دنیا دراصل انقلاب کی دنیا ہے اور ملک میں ترقی کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے چہروں پر خوشی اور امید دیکھ کر دلی مسرت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ محض ایک تعلیمی سہولت نہیں بلکہ طلبہ کے خوابوں کی تعبیر اور روشن مستقبل کی جانب مضبوط قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اسکیم سے طلبہ کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئے گی اور وہ ڈیجیٹل معیشت کا مثر حصہ بن سکیں گے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس اسکیم کے ذریعے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں۔









