خواجہ سعد رفیق

پاکستان کسی دہشتگردی کی کارروائی کی حمایت نہیں کرتا،سعد رفیق

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو چھیڑ کر خطے میں کشیدگی کو ہوا دی، سندھ طاس معاہدے میں واضح لکھا ہے کوئی ایک فریق یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی دہشتگردی کی کارروائی کی حمایت نہیں کرتا، پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بہت قیمت ادا کی، بدقسمتی سے بھارتی گورنمنٹ دہشتگردی کے واقعات کا الزام ہمیشہ پاکستان پر لگاتی ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی مذمت کی ہے.

چند دن پہلے جعفرایکسپریس واقعہ ہوا تو ہندوستان نے مذمت میں ایک لفظ بھی نہیں بولا، الزام تراشی اور بہتان لگانا کسی گورنمنٹ کو زیب نہیں دیتا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان سے بڑا ملک ہے، خطے میں امن اس کے اپنے مفاد میں ہے، بھارتی لیڈر شپ کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، عالمی امن کیلئے ایسے اقدامات خطرہ بن سکتے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بھارت نے دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں جبر کا ماحول بنایا ہوا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پچھلے 77 سال سے لوگ بھارتی مظالم کا شکار ہیں، بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہیں۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بھارت میں بدامنی کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان کو بھارتی سائیڈ سے مسلسل نشانہ بنایا گیا ہے۔