سینیٹر شیری رحمن

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن کی بھارت کی اشتعال انگیزی پر تنقید، قومی دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم جب بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزی کی جاتی ہے تو پاکستان نے ہمیشہ اپنے دفاع اور مقاصد کے حصول کےلئے بھرپور صلاحیتوں کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے۔

ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں سینیٹر شیری رحمن نے پاکستانی افواج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی اور پاکستان نے گزشتہ رات ایک پرعزم کارروائی کے ساتھ اس کا فوری جواب دیا جس سے پاکستان کا علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم اجاگر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ارض وطن کے دفاع میں پاکستان نے بھارتی حملوں کا سخت اور موثر جواب دیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارتوں اور بہادری کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم ایک متحدقوم ہیں اور اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کےلئے غیر متزلزل طور پر اپنی آخری سانس تک کھڑے رہیں گے۔ شیری رحمن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان بھارتی دھمکیوں اور اشتعال انگزیزیوں کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے تاہم تنازعات کا شواہد پر مبنی حل سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔