شازیہ مری

پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کو بعد از شہادت اعلی ترین سول اعزاز ملنا تاریخی عمل ہے، شازیہ مری

اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کو بعد از شہادت اعلی ترین سول اعزاز ملنا تاریخی عمل ہے۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کیلئے نشانِ پاکستان کا اعزاز بھٹوازم کے نظرئیے اور جمہوریت کی فتح ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو نشانِ پاکستان کا اعزاز ملنا ان کی ملک کیلئے خدمات کا اعتراف ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ان کے حقوق اور سیاسی شعور دیا، سیاست کو ڈرائنگ روم سے سڑک اور ہر گلی میں پہنچانے کا کریڈٹ بھی پیپلز پارٹی کے بانی قائد کو جاتا ہے۔

شازیہ مری نے کہاکہ وقت کے بدترین آمر نے فخرِ ایشیاء شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آواز دبانے کی کوشش کی پر آج وہ آواز ہر زبان پر ہے۔ انہوںنے کہاکہ آمر ضیاء اور اسکے حواریوں نے جس عظیم قائد کو مجرم قرار دے کر پھانسی دی آج اسی قائدِعوام کو نشانِ پاکستان دیا گیا، وَتْعِزْ مَن تَشَاء وَتْذِلْ مَن تَشَاء ، یہ تاریخ کا انصاف ہے۔

شازیہ مری نے کہاکہ شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو نے کیا خوب کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ گڑھی خدا بخش جمہوریت کے علمبرداروں کا مسکن اور سیاسی کارکنان وہاں سے فیض حاصل کرتے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کا ہر کارکن اپنے قائدین کی طرح آمریت کے خلاف چٹان اور جمہوریت کا پروانہ ہے۔