کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنرسندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے پاکستان خطہ میں ایک پر امن ملک ہے جہاں پر بعض عالمی عناصر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مدبرانہ قیادت خطہ میں امن کے لئے موثر کردار ادا کررہی ہے۔ موجودہ قیادت، خصوصا وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی انتھک محنت سے پاکستان میں پٹرولیم اور توانائی کا کوئی بحران نہیں۔ پاکستان عالمی سطح پر ایک مستحکم اور تعمیری قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ گورنرسندھ سید محمد نہال ہاشمی نے منگل کو سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا دورہ کیا۔
جہاں صدر حسیب جمالی ، سیکریٹری جنرل فریدہ منگریو اور وکلا کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ سیکریٹری جنرل فریدہ منگریو نے استقبالیہ میں کہا کہ آج ایک وکیل گورنرکے عہدہ پر فائز ہے۔ ایسوسی ایشن کو امید ہے کہ سید محمد نہال ہاشمی وکلا برادری کے دیرینہ مسائل حل کرائیں گے۔ گورنرسندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالی نے وکالت کے پیشہ کو ایک رتبہ دیا جس پر فخر ہونا چاہیئے۔ پاکستان کے وکلا قائد اعظم محمد علی جناح کے وارث ہیں۔ پیشے کی عظمت کو برقرار رکھنا وکلا برادری کی زمہ داری ہے۔
عدالتوں میں انصاف کی فراہمی میں وکلا برادری کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ وکلانے قیام پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آج ملک کو مستحکم کرنا ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہیئے۔ مرکز سے لیکر صوبے کے ہر فورم پر وکلابرادری کا مقدمہ اٹھاں گا۔ قائد اعظم کے اصولوں پر مبنی ہمیں ایک منصفانہ اور باوقار معاشرہ تشکیل دینا چاہیئے۔ گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی، ہم آہنگی، مقالمے اور باہمی احترام پر مبنی ہے۔ فلسطین اور عالمی امن کے لئے اسرائیل سمیت عالمی دہشتگردی سنگین خطرہ ہے۔ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جوا ب دیا آئندہ جارحیت کی تو پوری قوت سے جواب ملے گا۔









