ملتان(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن نہ صرف اطلاعات و تفریح کا قومی ادارہ ہے بلکہ یہ ملک کے مختلف خطوں کی ثقافت، زبان، موسیقی اور ادب کی حقیقی ترجمانی بھی کرتا ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان ٹیلی ویژن کی 61ویں سالگرہ کے موقع پر پی ٹی وی ملتان میں منعقدہ پروقارتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے اس موقع پراعلان کیا کہ پی ٹی وی ملتان سینٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں پی ٹی وی کے ساتھ جڑی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کے سنہری دور کے ڈرامے نہ صرف پاکستان بھر میں مقبول تھے بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی شوق سے دیکھے جاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جیلوں میں قیدی پی ٹی وی کے ڈراموں کا بے چینی سے انتظار کرتے تھے، جو ان کے لیے امید اورحوصلے کا ذریعہ بنتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسی احساس نے انہیں بطوروزیراعظم ملتان میں پی ٹی وی سینٹرکے قیام کا فیصلہ کرنے پرآمادہ کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان کا قیام خطے کی تہذیب، سرائیکی زبان،موسیقی اورادبی ورثے کے فروغ میں ایک بنیادی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہاں کے لوگ اپنی تہذیب، ثقافت اورروایات میں ایک جداگانہ مقام رکھتے ہیں، اس لئے ضروری تھا کہ ان کی نمائندگی کے لیےعلیحدہ ٹیلی ویژن سینٹرقائم کیا جائے، جو نہ صرف مقامی تشخص کو ابھارے بلکہ نئے فنکاروں، شعرا، موسیقاروں اور ادیبوں کے لیے مواقع فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ 2011 میں پی ٹی وی ملتان سینٹر کا افتتاح اسی وژن کے تحت کیا گیا تھا تاکہ علاقائی موسیقی، ادب، شعر و حکمت اور ثقافتی سرگرمیوں کو قومی پلیٹ فارم میسر آ سکے۔
گیلانی نے پی ٹی وی کی سالگرہ پر پوری قوم، خصوصاً ملتان اور جنوبی پنجاب کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی اپنی بہترین روایات برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھتا رہے گا۔مزید برآں چیئرمین سینیٹ نے اپنے حالیہ دورہ آذربائیجان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں کے صدر سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ آذربائیجان میں 700 سال قدیم”ملتان کاروان سرائے“ تاریخی ورثے کی علامت ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے انہیں بتایا کہ اس کا نام اس لئے برقرار رکھا ہوا ہے کہ آپ کا تعلق بھی ملتان سے ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان ایک تاریخی شہر ہے اورملتان کی تاریخ 5 ہزار سال پرانی ہے انہوں نے تجویز دی کہ ملتان کی طرح تاریخی اہمیت رکھنے والے عالمی شہروں کو“سسٹر سیٹیز”قرار دے کر ثقافتی سفارت کاری کو فروغ دیا جائے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی ٹی وی جیسے ادارے ملک کی ثقافتی شناخت اور قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردارادا کرتے ہیں،
اس لیے ان کی ترقی اور بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر پروگرام سیف الدین، جنرل منیجر پی ٹی وی ملتان شفقت عباس ملک، معروف گلوکارہ ثریا ملتانی،ملک حیدرعثمان ایڈووکیٹ، شاکرحسین شاکر،شہر کے معززین، شعرا،ادیبوں اور صحافیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔









