فوزیہ صدیقی 53

پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں 21 فیصد اضافہ عوام پر ظلم ہے، فوزیہ صدیقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان فوزیہ صدیقی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کے باوجود دنیا کے اکثر ممالک میں قیمتوں میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میں عوام پر غیر معمولی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر زیادہ تر ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ پانچ فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، لیکن پاکستان میں فی لیٹر قیمت میں تقریبا اکیس فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے جو کہ عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔فوزیہ صدیقی نے کہا کہ اس وقت حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر تقریبا 120 روپے فی لیٹر تک مختلف ٹیکسوں اور لیویز کی مد میں وصول کر رہی ہے، جس کی وجہ سے پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی ٹیکس کو معطل کر دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی دبا کا شکار ہے اور بیرونی و اندرونی قرضوں کا بوجھ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

موجودہ صورتحال یہ ہے کہ ہر پاکستانی شہری اوسطا تین لاکھ تینتیس ہزار روپے کا مقروض ہو چکا ہے، جو کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔فوزیہ صدیقی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی غلط معاشی حکمت عملیوں نے مہنگائی کو بے قابو کر دیا ہے جس کا براہ راست اثر عام آدمی کی زندگی پر پڑ رہا ہے۔ پیٹرول، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں میں کمی کی جائے، عوام کو ریلیف دیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں