بلڈ پریشر

پاکستان میں بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے انقلابی چیٹ بوٹ متعارف،اے آئی کی مدد سے چلایا جائے گا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان میں ہائی بلڈ پریشر کے 3 کروڑ 25 لاکھ مریضوں کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر ہارٹ لائن چیٹ بوٹ متعارف کیا گیا ہے جو مصنوعی ذہانت (اے آئی )کی مدد سے چلایا جائے گا۔یہ چیٹ بوٹ پاکستان ہائپرٹینشن لیگ کی ستائیسویں کانفرنس کے دوران لانچ کیا گیا جو گزشتہ روز اختتام پذیر ہوئی۔مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ کو ڈسکورنگ ہائپرٹینشن پروجیکٹ کے تحت تیار کیا گیا ہے اور اس کا مقصد ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کو بنیادی معلومات سے لے کر علاج کی مختلف مراحل تک رہنمائی فراہم کرنا ہے۔پاکستان ہائپرٹینشن لیگ اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں بلڈ پریشر کے مریضوں میں سے صرف 11 فیصد اپنے مرض کو کنٹرول میں رکھتے ہیں، ان حالات میں یہ چیٹ بوٹ ان مریضوں کے لیے ایک اہم ڈیجیٹل حل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ماہرین نے اس اقدام کو ایک اہم صحت کے خلا کو پر کرنے کی طرف ایک قدم قرار دیا۔نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیوویسکولر ڈیزیزز(این آئی سی وی ڈی) کے پروفیسر فواد فاروق نے ڈیجیٹل صحت کے حل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے یہ چیٹ بوٹ ایک سنگ میل ہے، خاص طور پر ان 88 فیصد مریضوں کے لیے جو اپنے مرض کو مثر طریقے سے سنبھال نہیں رہے ہیں۔ڈسکورنگ ہائپرٹینشن پروجیکٹ کے ڈائریکٹر عبدالصمد صدیقی نے چیٹ بوٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مریضوں میں آگاہی پیدا کرنے اور انہیں خود کی دیکھ بھال کے لیے اقدامات کرنے کی ترغیب دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ چیٹ بوٹ ہائی بلڈ پریشر کی تشخیص سے لے کر علاج کے مختلف مراحل تک قدم بہ قدم رہنمائی فراہم کرے گا اور مریضوں کو اپنی صحت کے حوالے سے زیادہ فعال بنائے گا۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی بالغ آبادی کا تقریبا ایک تہائی حصہ ہائی بلڈپریشر کا شکار ہے، دنیا بھر میں یہ دل کی بیماری، فالج اور گردوں کی ناکامی جیسے جان لیوا مسائل کا سبب بنتی ہے، جس کی وجہ سے عوامی صحت کے اقدامات، جیسے یہ چیٹ بوٹ انتہائی ضروری ہیں۔انٹرنیشنل سوسائٹی آف ہائپرٹینشن کے رکن پروفیسر محمد اسحق نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہائی بلڈ پریشر کے بارے میں آگاہی کی شدید کمی ہے اور اس جیسے اقدامات دل کی بیماریوں کی بڑھتی ہوئی شرح سے نمٹنے کے لیے اہم ہیں۔

یہ چیٹ بوٹ نہ صرف مریضوں بلکہ صحت کے فراہم کنندگان کے لیے بھی ایک مفید ٹول ثابت ہوگا تاکہ وہ اپنے مریضوں کو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کر سکیں اور طرز زندگی میں تبدیلیوں اور دوائیوں کے ذریعے بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے پر زور دے سکیں۔یہ چیٹ بوٹ استعمال کرنے والے افراد واٹس ایپ نمبر7777996-0334 پر چیٹ کے ذریعے بلڈ پریشر کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں، مستقبل میں یہ چیٹ بوٹ مریضوں کو ہائپرٹینشن کے علاج اور انتظام کے لیے کلینکوں اور ڈاکٹروں سے متعلق بھی رہنمائی فراہم کرے گا۔