اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے، ہم سب کو یکجا ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کرسمس کے موقع پر وزارت کے مسیحی ملازمین کے ساتھ کیک کاٹا- اعجاز احمد شاہ نے تمام شرکا کو انفرادی طور پر کرسمس کی خوشیوں کی مبارک باد دی اور کہا کہ امید کرتے ہیں کہ آپ سب اپنے اہلخانہ اور پیاروں کے بھرپور طریقے سے یہ تہوار منائیں- اس موقع پر وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے ملازمین میں تحائف بھی تقسیم کئے-
انہوں نے کہا کہ ہم سب آپ کی خوشیوں میں شریک ہیں- اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے- انہوں نے کہا کہ ہم سب کو یکجا ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے- اس موقع پر تمام شرکا نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور بے حد خوشی کا اظہار کیا- سیکریٹری انسداد منشیات ڈاکٹر سید کلیم امام بھی اس موقع پر موجود تھے- انہوں نے سب کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارک باد دی-









