کراچی(رپورٹنگ آن لائن) کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 9 ہزار 300 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 56 ہزار 200 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا، تاہم انڈیکس کے ایک لاکھ 55 ہزار 783 پوائنٹس کی حد پر پہنچنے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ روک دی گئی اور کاروبار کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کر دیا گیا۔
بعد ازاں ٹریڈنگ بحال ہونے پر مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، انڈیکس نے ایک لاکھ 55 ہزار اور ایک لاکھ 56 ہزار کی نفسیاتی حدیں عبور کر لیں، کے ایس ای 100 انڈیکس 10 ہزار 900 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 57 ہزار 400 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 11 ہزار 15 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 46 ہزار 480 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیاں بھی تاحال دباؤ کا شکار ہیں، امریکا کی ڈوجونز مارکیٹ میں تقریباً 1000 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا کی سٹاک مارکیٹس تقریباً 7 فیصد تک نیچے گر گئیں، اسی طرح بھارت کی نفٹی مارکیٹ میں بھی تقریباً 3 فیصد گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔








