ششی تھرور 33

پاکستان دشمنی کی پالیسی ناکام ہوگئی، بھارتی سیاستدان ششی تھرور کا دو ٹوک اعتراف

نئی دہلی(رپورٹنگ آن لائن)بھارتی سیاستدان اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والے اپنے کالم میں پاکستان کے خلاف مستقل دشمنی کی بھارتی پالیسی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکمت عملی ناکام ہو چکی ہے اور اس سے خطے میں امن کے امکانات کمزور ہوئے ہیں۔

ششی تھرور کے مطابق پاکستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے کی پالیسی کو داخلی سیاست میں فائدے کیلئے استعمال کیا گیا تاہم اس کا عملی طور پر کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان سے بات چیت کو شکست سمجھنا ایک غلط سوچ ہے اور مذاکرات کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔اپنے کالم میں انہوں نے بی جے پی کی سخت اور تصادمی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس رویے نے نہ صرف خطے کو غیر محفوظ بنایا بلکہ بھارت کے سفارتی مفادات کو بھی نقصان پہنچایا۔

ششی تھرور نے کہاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی کوششیں بھی کامیاب ثابت نہیں ہوئیں اور یہ پالیسی خود فریبی کے مترادف ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق بھارت میں اب ایک سنجیدہ طبقہ ابھر رہا ہے جو پاکستان کے ساتھ مکالمے اور مذاکرات کا حامی ہے۔تجزیہ کاروں نے بتایا کہ ششی تھرور کا مقف اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بھارتی سیاست میں پاکستان مخالف بیانیے پر داخلی سطح پر سوالات بڑھتے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں