محمد میاں سومرو 168

پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہر طرح سے اخلاقی مدد جاری رکھے گا، محمد میاں سومرو

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر نجکاری وسرپرست اعلی یوتھ فورم برائے کشمیر محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ جموں و کشمیر میں آزادانہ رائے شماری کی اپنی قرارداد پر عمل کروائے،پوری قوم 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ میں پیش کی گئی تاریخی قرارداد کی یاد میں یوم حق خود ارادیت منا رہی ہے،دنیا بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں عمل کروانے کیلئے اثر و رسوخ استعمال کرے۔

5 جنوری یوم حق خود ارادیت کے موقع پر خصوصی پیغام میں محمد میاں سومرو نے کہا 73سال گزرنے کے باوجود بھارت طاقت کے زور پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا جذبہ آزادی نہیں چھین سکا،بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال ہے،بھارتی افواج مسلسل عالمی جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں،نہتے کشمیریوں کا قتل’ خواتین کی بےحرمتی ‘مذہبی ‘سیاسی اور معاشرتی امور پر پابندی بھارتی افواج کے سیاہ کارنامے ہیں۔

محمد میاں سومرو نے کہا 5 اگست 2019 کو غیرقانونی اقدام سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کی،خصوصی اہمیت کو ختم کرنے کا مقصد کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانا تھا،وزیراعظم عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کا معاملہ عالمی سطح پر اجاگر کیا،پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہر طرح سے اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں