خواجہ آصف

پاکستان اور کانگریسی اتحاد ایک صفحے پر ہیں، خواجہ آصف کے بیان نے بھارت میں آگ لگا دی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ بیان نے بھارت میں آگ لگادی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی حکومت اور بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نیشنل کانفرنس اتحاد جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی بحالی کے معمالے پر ایک پیج پر ہیں۔

ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کانگریس-نیشنل کانفرنس اتحاد کے پاس جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات جیتنے اور اگلی حکومت بنانے کا قوی امکان ہے۔ وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 اور 35A کو بحال کرنا پاکستان اور کانگریس نیشنل کانفرنس اتحاد کا مشترکہ مقصد ہے۔

بھارتی اخبارکی رپورٹ کے مطابق نیشنل کانفرنس نے جہاں آرٹیکل 370 کو بحال کرنے کا عزم ظاہر کیا وہیں کانگریس نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور اپنے منشور میں اس کا ذکر تک نہیں کیا ہے۔ تاہم کانگریس نے جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے کے عزم کا وعدہ کیا ہے۔خواجہ آصف کے اس بیان کے بعد بھارتی حکمران جماعت بی جے پی شدید غم و غصے سے دو چار ہے۔