پاکستان اور ویسٹ انڈیز ک 181

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج شام 6 بجے کھیلا جائے گا

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ(آج) پیر 13 دسمبر کی شام 6 بجے کراچی میں کھیلا جائے گا ۔شیڈول کے مطابق 14 دسمبر کو ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا ،16 دسمبر کو تیسرا اورآخری میچ ہوگا۔18 دسمبر کو ایک بجے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا جبکہ اگلا میچ 20 اور آخری 22 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو کر پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔کرکٹ ویسٹ انڈیز سے جاری بیان کے مطابق پاکستان پہنچتے ہی کھلاڑیوں کا پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا جس میں تین کھلاڑیوں سمیت مجموعی طور پر دورے موجود اسکواڈ کے 4 ارکان کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔بیان کے مطابق اب تمام چاروں افراد آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے بتایا کہ شیلڈن کوٹریل، آل راؤنڈر روسٹن چیز اور کائل مائرز اور ایک نان کوچنگ رکن کا کراچی میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے ‘مذکورہ کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔بیان میں کہا گیا کہ جن 4 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے وہ مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہیں اور اس وقت انہیں کوئی تکلیف نہیں ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر جونی گریو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہنچتے ہی ٹیسٹ کے پروٹوکول میں 4 ارکان میں مثبت کووڈ کی تصدیق ہوئی اور کھلاڑیوں اور عملے کا رکن اپنے کمرے میں آئسولیشن میں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہماری تیاریوں میں آنے والے خلل کے باوجود ہم دورہ پاکستان جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی کرکٹ کے دورے میں کورونا کے مثبت ٹیسٹ کا امکان مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکتا حالانکہ ہمارے اکثر کھلاڑی سی پی ایل سے پہلے مسلسل بائیوسیکیور ببل میں تھے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ کے تین اہم کھلاڑیوں کے باہر ہونے سے ٹیم کی تیاریوں پر اثر پڑے گا لیکن اسکواڈ کے دیگر ارکان مکمل اعتماد میں ہیں اور بھرپور تیاری کریں گے۔بیان کے مطابق تمام 4 ارکان اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں سے الگ رہیں گے اور اس وقت ٹیم کے فزیشن ڈاکٹر آکاشی مان سنگھ کے زیر علاج ہیں اور بدستور 10 روز تک جب تک ٹیسٹ منفی نہیں آتا وہ آئسولیشن میں رہیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کا آغاز 13 دسمبر کو ہوگا اور تمام میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے،ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے دورے پر 9 دسمبر کو کراچی پہنچی تھی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری بار اپریل 2018 میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے پاکستان آئی تھی جبکہ مہمان ٹیم نے آخری بار 2006 میں پاکستان کی سرزمین پرایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی تھی۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم 13 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں دورے کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان 14 دسمبر کو دوسرا جبکہ 16 دسمبر کو تیسرا ٹی ٹو20 مقابلہ ہوگا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے 18 دسمبر کو مد مقابل آئیں گی جبکہ 20 دسمبر کو دوسرا اور 22 کو تیسرا ایک روزہ میچ کھیلیں گی۔

تین ٹی20 اور 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز ختم ہونے کے اگلے ہی روز مہمان ٹیم پاکستان سے رخصت ہوجائے گی۔ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کو آسان حریف نہیں سمجھتے ہوم سیریز میں دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ جس طرح فتوحات حاصل کر رہے ہیں کوشش ہوگی یہ سلسلہ جاری رہے۔شائقین کے سو فیصد داخلے کی اجازت ملنا خوش آئند ہے، امید کرتے ہیں شائقین اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔کپتان نے کہا کوچز کا ٹیم کے ساتھ ہونا ضروری ہے،تاہم پی سی بی اس حوالے سے زیادہ بہتر بتا سکتا ہے،

چیئرمین رمیز راجہ سے ورلڈ کپ سے قبل بات ہوئی تھی، رمیز راجہ سے کیا باتیں ہو یہاں بتا نہیں سکتا، نیوزی لینڈ کو پاکستان میں رکنا چاہیے تھا، ویسٹ انڈیز ٹیم کا شکر گزار ہوں کہ وہ پاکستان آئے، لوگ سوچ رہے تھے کہ معلوم نہیں اب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی یا نہیں۔بابر اعظم نے کہا ویسٹ انڈیز ٹیم کو آسان ہدف نہیں لیں گے، دوران سیریز اپنی سو فیصد کارکردگی دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں