کراچی(رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، جبکہ پاکستان بالخصوص سندھ میں بیرونی سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس میں پاکستان برٹن بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد کی قیادت چیف ایگزیکٹو راشد اقبال نے کی، جبکہ وفد میں برطانیہ اور پاکستان کے معروف کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو راشد اقبال نے گورنر سندھ کو آگاہ کیا کہ برطانیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کونسل کی کاوشوں کے نتیجے میں برطانیہ کی بیرونی سرمایہ کاری کی ترجیحی فہرست میں پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان برٹن بزنس کونسل ایجوکیشن، ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور فوڈ سیکٹر میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ تجارت کے فروغ کے لیے وزارتِ کامرس اور ٹی ڈی اے پی کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان برٹن بزنس کونسل کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں تجارتی و کاروباری ایونٹس کے انعقاد سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی کمپنیاں اپنے ریجنل دفاتر کراچی میں قائم کریں، کیونکہ کراچی غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مرکز بن چکا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور برطانوی سرمایہ کاری سے معیشت کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔









