طارق فضل چوہدری 19

پاکستانی خارجہ پالیسی کو وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل دور اندیشی کیساتھ آگے بڑھارہے ہیں، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی وقار، مضبوطی اور امن کے لیے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے، اسے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دور اندیشی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کے غیر یقینی اور تنازعات سے بھرپور عالمی ماحول میں پاکستان امن، بات چیت اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ انصاف، مظلوم اقوام کی حمایت اور خطے میں استحکام کے قیام کے حق میں رہا ہے اور عالمی سطح پر اس کی آواز ہم آہنگی، اتحاد اور انسانیت کے پیغام کے طور پر سنی جاتی ہے۔انہوںنے کہاکہ مشکلات کے باوجود پاکستان نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا،ہماری قیادت نے نہ صرف عالمی تعلقات کو بہتر بنایا بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا،یہ ایسا ملک ہے جو امن، باہمی تعاون اور ترقی پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان صرف اپنے مفادات کا تحفظ نہیں کر رہا بلکہ ایک بہتر اور پُرامن مستقبل کی بنیاد بھی رکھ رہا ہے جہاں اختلافات کے بجائے مکالمہ غالب ہو۔انہوںنے کہاکہ دنیا اب پاکستان کو ایسے ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے جو امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنے وقار اور اصولوں پر بھی ڈٹ کر قائم رہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں