سرگودھا(ر پورٹنگ آن لائن)پانچ روزہ پولیومہم رواں ماہ 20ستمبر سے شروع ہو کر 24ستمبر تک جاری رہے گی۔اس دوران ضلع سرگودھا کے 5لاکھ 24ہزارسے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے ٹیموں کو فعال بنانے کے لئے ماہر افرادی قوت میں 630 کا اضافہ کر دیاگیاجن کی تربیت اور نئی ٹیموں کی حدود سے مکمل آگاہی کے لئے تربیت جاری ہے تاکہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر انہیں عمر بھر کی معذوری سے نجات دلائی جاسکے۔زرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ انسدادپولیوکمیٹی کے اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ہیلتھ افسران کو ہدایت کی گئی کہ 20 ستمبر سے شروع ہونے والے پانچ روزہ پولیو مہم سے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے جان توڑ کوشش کریں تاکہ صوبے پنجاب کو پولیو فری بنایا جاسکے ۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان بھر میں صرف پولیو کاایک کیس ہے ۔محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کیلئے مائیکروپلاننگ مکمل کی جائے اور یونین کونسل سطح پر تربیت اور ٹیموں کو علاقوں کامکمل ادراک کروایا جائے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ افرادی قوت کے بڑھانے سے ٹیموں پر کام کا بوجھ کم ہو جائے گا لیکن اس کے لئے نئی ٹیموں کی تربیت اشد ضروری ہے ۔اجلاس میں پولیو کیلئے کولڈ چین یقینی بنانے، مسنگ بچوں کو تلاش کرنے، فنگرمارکنگ بہتر بنانے، کمیونٹی ویکسی نیشن سنٹر کا اعلان کرنے سمیت تربیت کو معیاری بنانے کی ہدایات دی گئیں ۔ بتایا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کی نشاندہی پر کوٹ پہلوان اور بالخصوص کوٹ مومن کی تحصیل میں پولیو مہم کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے جس پر بھر پور توجہ دی جائے ۔کمیٹی نے محکمہ اوقاف کو ہدایت کی کہ وہ مساجد ‘ امام بارگاہوں او ردیگر عبادت گاہوں میں اجتماعات کے دوران پولیو کے قطروں کی افادیت بارے عوام میں آگاہی دیں۔
تمام اسسٹنٹ کمشنرز یونین کونسل سطح پر مہم کے بارے میں بینرز ‘ سٹیمرز آویزاں کروائیں ۔ میڈیا پر مہم چلائی جائے ۔کیبل آپریٹروں سے تعاون حاصل کیاجائے ۔الیکٹرانک میڈیا پر ماہر ڈاکٹرز پولیو کے بارے میں آگاہی دیں ۔ ہدایت کی گئی کہ ماضی کے تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئے نااہل اور نکمے اہلکاروں اور سپروائزروں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں اور انہیں اس قومی ذمہ داری سے دور رکھا جائے ۔









