اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پارٹی میں مشاورت ہوتی ہے لیکن حتمی فیصلہ نواز شریف کرتے ہیں۔
ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی پرانے سیاست دان ہیں، نواز شریف پرانے ساتھیوں کی قدر کرتے ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئینی اور قانونی طور پر اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا طریقہ کار وضع ہے، اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل اسپیکر کی سربراہی میں مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں بھی اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا، شہباز شریف نے جس دن حلف لیا اسی دن مذاکرات کی بات کی تھی۔
انہوںنے کہاکہ ہم نے کہا تھا باقی معاملات کو چھوڑیں، آئیں میثاق معیشت کریں، 2 چار افراد کی رہائی کا معاملہ ایک طرف، لوگوں نے آپ کو عوام کے بھلے کے لیے ووٹ دیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جیل میں ملاقات ایک قانونی معاملہ ہے، سزا یافتہ شخص اسی لیے جیل میں رکھا جاتا ہے کہ وہ روز مرہ زندگی میں سیاسی معاملات نہ کرے، جو چیز بلا واسطہ ممکن نہیں وہ بلواسطہ بھی ممکن نہیں ہے۔
وزیر قانون نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے بھی موجود ہیں، سزا یافتہ شخص ملکی سیاست نہیں چلاسکتا، مجھے نہیں سمجھ آتی اپوزیشن ہر معاملے میں کہتی ہے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے، اپوزیشن کو سمجھنا چاہیے کہ سیاسی معاملات کا بھی طریقہ کار ہوتا ہے۔









