پشاور (رپورٹنگ آن لائن ) پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے لوگوں کو اٹھانے پر ایجنسیوں کے ڈی جیز کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ ہائی کورٹ میں راہداری ضمانت کے لیے درخواست دائر کیے جانے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پارلیمنٹ سے کس نے لوگوں کو اٹھایا، یہ کوئی خلائی مخلوق تھی، دلیرانہ انداز میں لوگوں کو جبری طور پر گمشدہ کیا۔
جمہوریت میں یہ چیز نہیں چل سکتی۔ بس ہوگئی ہے، اب ایجنسیز کے ڈی جیز کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جیز کے خلاف مقدمہ درج کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ محکمہ موسمیات کا ڈی جی تو پارلیمنٹ سے کسی کو نہیں اٹھوا سکتا۔ وزیراعلی علی امین گنڈا پور سرکاری طور پر ملاقات کے لیے گئے تھے۔