کولمبو (رپورٹنگ آن لائن) ٹی 20 ورلڈکپ کا میلہ سری لنکا میں سج گیا، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میکس اوڈووڈ تھے جو 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
نیدر لینڈز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوٹ تھے جو محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، مائیکل لیوٹ نے 24 رنز اسکور کیے، تیسرے آؤٹ ہونے والے ڈچ کھلاڑی ایکرمین تھے جو 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈاس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ محمد ابرار نے حاصل کی جبکہ نیدرلینڈ کے چھٹے اور ساتویں کھلاڑی کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا، وین ڈر مرفی نیدر لینڈ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
آخری اوور میں سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس طرح پوری ڈچ ٹیم 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی، پاکستانی بولرز نے میچ میں شاندار کم بیک کیا اور آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔
قبل ازیں ٹاس جیتنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ پچ پر گھاس ہے، تین فاسٹ بولرز کھلا رہے ہیں، کوشش ہے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں جبکہ کپتان نیدرلینڈز ٹیم نے کہا کہ آج کا میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، یہ ہمارے لیے اہم مقابلہ ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم اور عثمان خان شامل ہیں، اس کے علاوہ شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
نیدرلینڈز کی ٹیم میں مائیکل لیوٹ، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، کولن ایکرمین، اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان و وکٹ کیپر)، زیک لیون کیشے، لوگان وین بیک، رولوف وین ڈر مروے، آریان دت، کائل کلین اور پال وین میکرین شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شریک 20 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، آج 3 میچز ہوں گے۔
آج ہونے والے دیگر میچوں میں ویسٹ انڈیز اسکاٹ لینڈ کا سامنا کر رہا ہے جبکہ بھارت کی ٹیم آمریکا کے مدمقابل ہے۔









