مشاہد حسین 20

ٹیکسوں کی بھرمار سے کاروباری طبقہ شدید پریشان ہے’میاں شاہد حسین

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ،اوورسیز بزنس کمیونٹی کینڈا کے صدر میاں شاہد حسین نے کہا ہے کہ ملک بھر اور اوورسیز میں مقیم پاکستانی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے بزنس کمیونٹی میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے ، کاروباری طبقے کو اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں سب سے بڑا مسئلہ ٹیکسوں کی بھرمار ہے ،کاروباری طبقہ شدید پریشان اور بدحالی کا شکار ہے ،حکومت کو بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کے لیے عوام دوست پالیسیاں تشکیل دینی چاہیے تاکہ سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے آئیں۔

انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی تاجر برادری کو کمیونٹی کے درمیان رابطے کے فقدان جیسے مسائل درپیش ہیں ،بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم اور کور کمیٹی کو فوری فعال کیا گیا ہے جو کہ خوش آئند عمل ہے تاکہ تمام تاجروں کی آواز یکجا ہو کر اعلیٰ حکام تک پہنچائی جا سکے۔میاں شاہد حسین نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،بزنس کمیونٹی کا ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ہے ۔حکومت تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرفوری حل کرے اور کاروبار دوست پالیسیاں بنائی جائیں تاکہ کاروباری طبقے کو شدید مشکلات اور ان کو درپیش چیلنجز کا ازالہ ہو سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں