لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ ٹیکسز کی شرح میں کمی اور ایف بی آر کی پالیسیوں میں تبدیلی سے ہی ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا،حکومت اگر فکسڈ ٹیکس رجیم اور سیلف اسیسمنٹ سکیم متعارف متعارف کرائے تو5829ارب کی بجائے 10ہزار ارب باآسانی ٹیکس اکٹھا کرسکتی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ 2015سے اب تک 2لاکھ کے قریب کیسز آڈٹ اور لاکھوں اپیلوں، ٹربیونلز اور عدالتوں میں زیر التواء ہیں جن کے لئے سیلف اسیسمنٹ سکیم ناگزیر ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کررہی ہے لیکن ان اقدامات کے باوجود ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہاہے ۔جس کے تدارک کیلئے حکومت کو اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
خادم حسین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کے بعد منی بجٹ آنا قومی مفاد میں نہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی ۔انہوںنے کہا کہ کاروبار میں آسانیاںپیدا کرنے کی بات تو کی جاتی ہے لیکن دوسری جانب حکومتی احکامات سے کاروبار میں آسانیوں کی بجائے کاروباری سرگرمیوں میں مزید الجھنوں اور مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ دو طرفہ مفادات کا خیال رکھے بغیراصلاح احوال ممکن نہیں ۔انہوںنے کہا کہ ٹیکسز کی ادائیگی کیلئے موثر آٹومیشن سسٹم وقت کی اہم ضرورت ہے ۔معاشی مضبوطی کیلئے طے شدہ اہداف بروقت حاصل کیے جائیںتاکہ ملک معاشی طور پر مستحکم ہوسکے۔