چین 13

ٹوکیو ٹرائلز کے 80 سال مکمل ہونے پر نیویارک میں چینی قونصلیٹ جنرل کے زیر اہتمام یادگاری تقریب کا انعقاد

نیو یارک (رپورٹنگ آن لائن) نیویارک میں چین کے قونصلیٹ جنرل نے ٹوکیو ٹرائلز کے 80 سال مکمل ہونے کے موقع پر “تاریخ سے سبق سیکھتے ہوئے انصاف کے اصولوں پر قائم رہنے اور امن کے لیے کوششیں کرنے” کے عنوان سے ایک یادگاری تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں 100 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مہمانوں نے جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ پر بنائی جانے والی فلم “ڈیڈ ٹو رائٹس” دیکھی، موضوعاتی تصویری نمائش کا دورہ کیا اور تاریخی گواہوں کی اولاد کی زبانی ان کے تجربات سنے۔ شرکاء نے تاریخی یادداشت کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے اور نوجوانوں میں تاریخی شعور اجاگر کرنے سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

مہمانوں نے کہا کہ تاریخی حقائق کو مختلف ذرائع سے عام کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوان نسل جنگ کے اسباق کو یاد رکھے، امن کی قدر کرے اور ایسے تاریخی سانحات کے دوبارہ رونما ہونے کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

نیویارک میں چین کے قائم مقام قونصل جنرل ما شیاؤ شیاؤ نے بھی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹوکیو ٹرائلز دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپان کے جارحانہ جرائم کے خلاف ایک اہم قانونی کارروائی ہونے کے ساتھ ساتھ جنگ کے بعد قائم ہونے والے بین الاقوامی نظام کی ایک اہم بنیاد بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندی کی نئی شکلوں کے دوبارہ ابھرنے کی سختی سے مخالفت کی جانی چاہیے۔ تاریخی سچائی کو مسخ نہیں کیا جانا چاہیے اور امن کو ہرگز پامال نہیں ہونے دینا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں