شہبازاکمل جندران۔۔۔
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے میں گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی اپ ڈیشن غیر معینہ مدت کے لئے بند کردی ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی سیکرٹری ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پنجاب وقاص علی محمود کی سربراہی میں ہونے والی ڈائیریکٹر کانفرنس میں کیا گیا۔تاہم ڈائیریکٹر کانفرنس کے بعد کسی قسم کے نوٹیفکیشن یا آرڈر کے بغیر ہی ڈیپارٹمنٹ کے فیلڈ سٹاف کے کمپیوٹرز سے متعلقہ کمانڈز ڈیلیٹ کردی گئی ہیں۔ جس کے باعث شہریوں کی گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس اپ ڈیٹ نہیں کئے جاسکتے۔

صورتحال کے پیش نظر ایسے تمام کمرشل و نان کمرشل گاڑی مالکان جنہوں ڈاک خانوں کے ذریعے گزشتہ برسوں کے دوران ٹوکن ٹیکس ادا کیا تھا اور ابھی تک ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے ادا شدہ
ٹوکن ٹیکس کو اپ ڈیٹ نہیں کروایا ،ان کے لئے مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں کیونکہ ان کےڈاک خانوں میں ادا شدہ ٹیکس کا ریکارڈ سامنے نہی لایا جاسکتا اور وہ محکمے کے ریکارڈ میں ٹوکن ٹیکس کے حوالے سے نادہندہ تصور کئے جاریے ییں۔

اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائیریکٹر موٹرز لاہور قمرالحسن سجاد کہتے ہیں کہ فیصلہ ڈائیریکٹر کانفرنس میں ہوا تھا جس پر عمل درآمد شروع کرتے ہوئے صوبے میں ڈاک خانوں کےذریعے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگیوں کی جانچ اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ میں ایسے ٹیکس کی اپ ڈیشن بند کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے فروری 2021 میں پاکستان پوسٹ کے ساتھ ڈاک خانوں کے ذریعے ٹوکن ٹیکس کی وصولی بند کردی گئی تھی۔ کیونکہ ستمبر 2018 کے بعد پاکستان پوسٹ ٹوکن ٹیکس وصول تو کرتا رہا لیکن اس نے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو ٹیکس کی رقم ٹرانسفر نہ کی۔
ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اس فیصلے سے محکمے کی روڈ چیکنگ ٹیمیں بھی پریشان ہیں کہ دوران چیکنگ ڈاک خانوں کےذریعے ٹوکن ٹیکس ادا کرنے والی گاڑیوں کے ریکارڈ کی تصدیق اور ٹیکس کو اپ ڈیٹ کیسے کیا جائیگا۔







