محمد جاوید قصوری 66

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ نے حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ جس میں کہا گیا ہے کہ ”پاکستان میں بڑھتی ہوئی کرپشن اور سرکاری اداروں میںبد عنوانی میں اضافہ ہوا ہے ” پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رپورٹ کے مطابق محکموں میں خریداری میں کرپشن سب سے زیادہ پائی جاتی ہے، جب کہ رشوت خوری کا بازار مسلسل گرم ہے۔

عوام کو مہنگائی کے بدترین دباؤ کا سامنا ہے اور ان کی قوتِ خرید گزشتہ بارہ ماہ کی کم ترین سطح تک جا پہنچی ہے ، المیہ یہ ہے کہ ملک کا نظامِ انصاف کرپشن کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے، جو معاشرتی بے چینی اور عوامی اعتماد کے بحران کو مزید گہرا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن اداروں کا کام کرپشن کی بیخ کنی اور عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے، وہ خود بدعنوانی کا شکار ہیں، جس کے باعث عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری محکموں کی خریداری میں ریکارڈ توڑ کرپشن اور غیر شفاف طریقہ کار نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے، جبکہ حکومت اس پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ اشیائے خوردونوش، بجلی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے متوسط اور غریب طبقے کو شدید متاثر کیا ہے۔ عوام کی قوتِ خرید مسلسل گر رہی ہے اور حکمران طبقہ زمینی حقائق سے بالکل بے خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام انصاف کا کرپشن میں تیسرے نمبر پر آنا لمحہ فکریہ ہے۔ اگر عدالتیں اور انصاف فراہم کرنے والے ادارے ہی شفاف نہ ہوں تو عوام کہاں جائیں؟ یہ صورتحال ریاست کی کمزوری، اداروں کی نااہلی اور حکومتی بے حسی کی واضح علامت ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں شفاف، بااختیار اور جوابدہ نظام لانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ان حقائق کا نوٹس لے، کرپشن کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور اصلاحات کا فوری آغاز کیا جائے تاکہ عوام کا ریاست پر اعتماد بحال ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں