قمر زمان 17

ّصدر زرداری کی تقریر کو غلط تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے’ قمر زمان کائرہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی تقریر کو غلط تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے، صدر مملکت نے یہ گفتگو خالصتاًاپنے ذاتی تجربات اور جیل میں برداشت کی گئی سختیوں کے حوالے سے کی تھی۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ جیل میں دودھ اور شہد کی نہریں نہیں بہہ رہی ہوتیں اور وہاں ایک مخصوص اور مشکل ماحول ہوتا ہے لیکن قید کے دوران صبر و تحمل سے کام لینا چاہیے۔عمران خان سے ملاقات اور علاج کے لیے ہسپتال منتقلی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے قمر زمان قائرہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔پیپلز پارٹی تو یہ مطالبہ بھی کر چکی ہے کہ عمران خان کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرائی جائے اور اگر طبی بنیادوں پر ضرورت ہو تو انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جائے۔عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی یا علاج کے لیے ہسپتال منتقلی کا فیصلہ حکومت کا اختیار ہے اور پیپلز پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

قمر زمان قائرہ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ عمران خان کا بروقت علاج کیوں نہیں کرایا گیا اور اس معاملے پر علیحدہ تحقیق ہونی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ اگر حکومت عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیتی ہے یا انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کرتی ہے تو پیپلز پارٹی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ پیپلز پارٹی نے عمران خان کو قید نہیں کرایا۔حکومت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو حکومت سے جو بھی شکایات ہوتی ہیں ان کا کھل کر اظہار کیا جاتا ہے، وزیراعظم اور صدر کی ملاقات کے دوران کشیدگی کی خبریں میڈیا پر ہی ہوں گی لیکن درحقیقت ایسا کچھ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں