ویمنز ورلڈ کپ 15

ویمنز ورلڈ کپ میں فاطمہ ثنا اور نگار سلطانہ کی دوستی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی

دبئی (رپورٹنگ آن لائن)آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 میں پاکستان اور بنگلادیش کی کھلاڑیوں کی دوستی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی۔

دونوں ٹیموں کی کپتانوں کے درمیان دوستی کا آغاز 2023 میں فیئر بریک انویٹیشنل سے ہوا۔نگار سلطانہ نے بتایا ہمارے درمیان بہت اچھی دوستی ہے، ہم دونوں جب بھی ملتے ہیں تو بہت زیادہ باتیں کرتے ہیں اور تفریح کرتے ہیں۔

یہ دوستی رواں سال کے آغاز میں ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوران ابھر کر سامنے آئی جب پاکستان سے ہارنے کے بعد بنگلادیش کی ساری امیدیں ختم ہو گئی تھیں اور نگار سلطانہ بہت افسردہ تھیں اور اپنے کمرے میں بند ہوگئی تھیں لیکن پھر جب بنگلادیش نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا تو انہیں یہ بات سب سے پہلے فاطمہ ثنا نے کال کر کے بتائی۔

اتنی اچھی دوستی ہونے کے باوجود بھی دونوں کپتان جانتی ہیں کہ کھیل کے میدان میں دوستی کی ایک حد ہوتی ہے۔اس حوالے سے نگار سلطانہ نے کہا جب میں گرائونڈ میں ہوتی ہوں تو پھر میں نہیں جانتی کہ فاطمہ ثنا کون ہے ؟اور وہ بھی میری وکٹ لینے کی پوری کوشش کر رہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا فاطمہ ابھی بہت چھوٹی ہیں اور سیکھ رہی ہیں لیکن مستقبل میں ضرور بہتر کارکردگی دکھائیں گی۔

دوسری جانب فاطمہ ثنا نے کہا نگار سلطانہ میری اچھی دوست ہیں اور مجھ سے اکثر میری بیٹنگ کے بارے میں پوچھتی ہیں کیونکہ وہ خود بیٹر ہیں اور میں ایک اچھی آل رائونڈر بننا چاہتی ہوں تو اس لیے وہ مجھے بیٹنگ کے لیے بہت ساری تجاویز دیتی رہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا ہم نے ایک دوسرے کے خلاف بہت سارے میچز کھیلنے ہیں لیکن وہ میری اچھی دوست ہیں اور ہمارا کھیل کے میدان سے باہر اچھا تعلق ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں