اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی کابینہ کی کمیٹی نے برطانیہ کے ساتھ مجرموں کی حوالگی کا معاہدہ کرنے کی منظوری دیدی، معاہدے پر دستخط سے قبل برطانیہ کے ساتھ مذاکرات کا ایک دور کیا جائے گا جس میں معاہدے کے نکات کو حتمی شکل دی جائے گی، برطانیہ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی،مجوزہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک آپس میں سزا یافتہ مجرموں کا تبادلہ کرسکیں گے۔
پیر کو وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی تشکیل دی گئی خصوصی وزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور مشیر برائے داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر،میں سیکرٹری وزارت قانون، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان واپسی کے معاہدے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ۔
اجلاس میں کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ برطانیہ کے ساتھ مجرمان واپسی کے معاہدے کو بہترین عوامی مفاد میں دستخط کیا جائے گا،معاہدے کو وفاقی کابینہ میں لے جانے سے پہلے برطانیہ سے مزید مشاورت کی جائیگی،معاہدے سے پاکستان اور برطانیہ اپنے سزا یافتہ مجرمان کو ایک دوسرے کے ممالک واپس بھیج سکیں گے۔ معاہدے سے صرف ایسے شہریوں کو واپس لانے کی اجازت ہوگی جن کو متعلقہ عدالتیں سزائیں سنا چکی ہیں،برطانیہ سے مشاورت کے بعد معاہدے کو وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائیگا۔ مجرمان واپسی معاہدے سے متعلق مذاکرات کا پہلا رانڈ اکتوبر 2019 میں منعقد ہوا تھا۔