امیر مقام 64

وفاقی وزیرامیر مقام کی پاکستان نیوی کے جہاز یرموک کی کامیاب انسدادِ منشیات کارروائی پر دلی مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام نے پاکستان نیوی کے جہاز یرموک کی کامیاب انسدادِ منشیات کارروائی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ کارنامہ نہ صرف پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ یہ قومی فخر کا باعث بھی ہے۔

وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ یرموک کی یہ کامیابی پاکستان نیوی کے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے عزم کی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندری راستوں کو غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ سے پاک رکھنا ایک عالمی چیلنج ہے، اور پاکستان نیوی نے اس ضمن میں جس جرات اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انسدادِ منشیات کی یہ بڑی کارروائی نہ صرف ملک کی ساکھ کو بہتر بناتی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے نیوی کے تمام افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور خدمات ملک و قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں