قومی صحت کارڈ 174

وفاقی وزارت صحت نے کراچی کے شہریوں کو بھی قومی صحت کارڈ فراہم کرنے پر غور شروع کردیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزارت صحت نے کراچی کے شہریوں کو بھی قومی صحت کارڈ فراہم کرنے پر غور شروع کردیا ہے اور کہا اگر سندھ حکومت نے اس پروگرام میں شمولیت اختیار نہ کی تو وفاق اپنا کردار ادا کرسکتا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزارت صحت کے حکام کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو بھی قومی صحت کارڈ فراہم کرنے پر غور کر رہے ہیں، شہر کے تمام مستقل رہائشیوں کو صرف 16ارب سالانہ میں صحت کارڈ فراہم کیے جا سکتے ہیں،حکام کا کہنا تھا کہ اگر سندھ حکومت نے اس پروگرام میں شمولیت اختیار نہ کی تو وفاق اپنا کردار ادا کرسکتا ہے،

سندھ حکومت صرف 45سے 50 ارب میں پورے صوبے کو قومی صحت کارڈ دے سکتی ہے،وفاقی حکام نے کہا کہ سندھ کا صحت کا بجٹ 170ارب سے زائد ہے کراچی میں 35سے 40فیصد افراد پہلے ہی قومی صحت کارڈ کے حامل ہیں جبکہ کراچی میں دوسرے صوبوں اور وفاقی یونٹس کے افراد کو قومی صحت کارڈ کی سہولت میسر ہے،وزارت صحت کے مطابق کراچی کے عوام بھی صحت سہولت کارڈ کی سہولت کا استحقاق رکھتے ہیں، اس وقت پورے ملک میں 700اسپتالوں کا نیٹ ورک قومی صحت کارڈ پروگرام سے منسلک ہے، کراچی سمیت ملک میں 300مزید اسپتالوں کو نیٹ ورک سے منسلک کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں