وزیراعظم 16

وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کیلئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کی فراہمی منصوبہ کے تمام تر اخراجات اٹھائے گی،شہبازشریف

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں شمسی توانائی منصوبے پر کام کی رفتار تیز اور منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کیلئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کی فراہمی منصوبہ کے تمام تر اخراجات اٹھائے گی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں 100 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کے سولر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کیلئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کی فراہمی منصوبہ کے تمام تر اخراجات اٹھائے گی۔وزیراعظم نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز اور منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کی سرکاری عمارتوں کے لئے 18 میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ ہے، گلگت اور دیامیر ڈویژنز کی سرکاری عمارات کے لئے 18 میگا واٹس کا منصوبہ دسمبر 2026 جبکہ بلتستان ڈویژن کی سرکاری عمارات کی سولرائزیشن کا یہ منصوبہ اکتوبر 2026 تک مکمل ہوگا۔دوران بریفنگ مزید بتایا گیا کہ گلگت، سکردو، چلاس اور خپلو میں گھروں کے لئے 82 میگاواٹ کے شمسی توانائی کا منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں