خواجہ آصف

وطن عزیز میں مذہب کے نام پر جتھے بنانا اور عوام کو یرغمال بنانا توہین مذہب ہے، خواجہ آصف

اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں مذہب کے نام پر جتھے بنانے اور سڑکیں بند کرکے عوام کو یرغمال بنانے کے عمل کو توہین مذہب قرار ددیتے ہوئے کہاہے کہ 2 سال غزہ میں ظلم اور خون کی ہولی کھیلی گئی، کسی کو احتجاج یاد نہ آیا، جب وہاں جنگ بندی ہو گئی تو احتجاج شروع ہو گیا۔

وزیر دفاع نے مذہبی جماعت کے احتجاج کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وطن عزیز میں مذہب کے نام پر مسلح جتھے بنانا، سڑکیں بند کرکے عوام کو یرغمال بنانا توہین مذہب ہے۔انہوں نے کہا کہ 2 سال غزہ میں ظلم اور خون کی ہولی کھیلی گئی، کسی کو احتجاج یاد نہ آیا، جب وہاں جنگ بندی ہو گئی تو احتجاج شروع ہو گیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ معاشرے کو یرغمال بنانا، مذہب کے نام پر تشدد کاسبق پڑھانا بند ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہمارا دین، قرآن و سنت سب بھائی چارے، پیار محبت کے پیامبر ہیں، نفرتیں اور تقسیم ختم کریں، دنیا و آخرت سنواریں۔