عبدالعلیم خان 13

وزیر مواصلات سے ایرانی وزیر فرزانہ صادق کی ملاقات، پاک ایران مشترکہ ٹرانسپورٹ کمیٹی فعال کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے پاکستان کے دورہ پر آئی ایرانی وزیر ٹرانسپورٹ فرزانہ صادق نے ملاقات کی جس میں پاک ایران مشترکہ ٹرانسپورٹ کمیٹی فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری بھی موجود تھے۔

وزارت مواصلات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایرانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے خطے میں امن قائم ہونے پر اظہار مسرت کیا۔ وفاقی وزیر نے فرزانہ صادق سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی عوام کے پختہ عزم اور ہمت کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پاک ایران روڈ اور ریل رابطے مزیدمضبوط ہونگے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین زمینی روابط کی مضبوطی سے تجارتی مواقع بڑھیں گے۔ اجلاس میں مختلف تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا اور وفود نے پاک ایران مشترکہ ٹرانسپورٹ کمیٹی فعال کرنے پر اتفاق کیا۔

عبدالعلیم خان نے اس موقع پر کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے جنگ بندی اور امن معاہدے میں پاکستان کے مثبت کردار پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بھائیوں کی بھرپور حمایت اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ایرانی وزیر ٹرانسپورٹ نے دونوں ممالک کے درمیان ٹرکوں اور کنٹینرز کی کلیئرنس کے مسائل کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے سینئر حکام نے شرکت کی اور پاک ایران بارڈر پرحل طلب مسائل کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں