وزیر داخلہ محسن نقوی 37

وزیر داخلہ محسن نقوی کا سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو ان کی برسی پر خراجِ عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سا نحہ اے پی ایس کے معصوم شہدا کو ان کی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر طلبہ کے عزم، حوصلے اور عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ سا نحہ اے پی ایس پاکستان کی تاریخ کا وہ المناک اور سیاہ ترین باب ہے جس نے دہشتگردی کے سفاک اور بے رحم چہریکو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج سا نحہ اے پی ایس کی 11ویں برسی ہے،2014 میں اسی روز (16 دسمبر )درندوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر ریاستِ پاکستان اور قوم کے مستقبل پر براہ راست حملہ کیا تھا۔ محسن نقوی نے اس موقع پر قوم کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم شہدا کی عظیم قربانی نے پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف ایک واضح، فیصلہ کن اور غیر متزلزل قومی راستہ دکھایا۔ انہوں نے زور دیا کہ شہدا کے پاکیزہ خون نے یہ فیصلہ ہمیشہ کے لیے ثبت کر دیا کہ دہشتگردی کے خلاف اب کسی ابہام یا مصلحت کی کوئی گنجائش نہیں، اسی قومی عزم کی بنیاد پر ریاستِ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ہمہ جہت، مربوط اور مسلسل کارروائیوں کا آغاز کیا۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ریاست واضح کر چکی ہے کہ دہشتگردی چاہے کسی نام، کسی نعرے یا کسی جھنڈے کے تحت ہو ہر صورت ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ریاست کا دوٹوک اور حتمی فیصلہ ہے۔ محسن نقوی نے پاکستان کے واضح اور مضبوط موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک پہنچا کے رہیں گے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں