وزیر خارجہ

وزیر خارجہ کا ملائیشیا کے ہم منصب سے رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آ باد (رپورٹنگ آ ن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، معیشت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ۔ وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائشیا کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، اعلی سطحی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور ملائشیا کے درمیان نقطہ نظر میں ہم آہنگی، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ نے ملیشین ہم منصب کو اسلام آباد میں منعقدہ، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت کی دعوت کا اعادہ کیا ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا آج جمہوریہ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ محترمہ ریٹنو مرسودی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں باہمی دلچسپی کے وسیع موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ اور کثیر جہتی، مشترکہ مفاد کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

علاوہ ازیں انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو انڈونیشیا کے دورے کی دعوت بھی دی ہے جسے قبول کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے باہمی طور پر مناسب تاریخ پر انڈونیشیا کا دورہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔