ننکانہ صاحب(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہروں اور قصبوں کے بعد دیہاتوں میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر را نے سی او ضلع کونسل و دیگر افسران کے ہمراہ مانوالہ روڑ پر کھیپاں والی گاوں میں روڑ کے دونوں اطراف ہیوی مشینری کی مدد سے عارضی اور پختہ تجاوزات کو ہٹانے کے لیے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں آخری تجاوزات کے خاتمے تک بلاتفریق آپریشن جاری رہے گا اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو آپریشن میں مزید تیزی لانے کے احکامات بھی جاری کیے۔بعد ازاں ڈی سی ننکانہ نے ضلع کونسل کی نرسری پر پودوں کی پرورش کا جائزہ لیا ، پودوں کی بہترین پرورش پر ضلع کونسل کے افسران اور مالیوں کو شاباش دی۔ڈپٹی کمشنر نے مانوالہ روڑ پر چندر کوٹ نہر کے پل کے دونوں اطراف حفاظتی دیوار کا بھی جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کچہری پھاٹک کا دورہ کیا اور متعلقہ ضلعی افسران کو ریلوے انتظامیہ سے ملکر بیرئیرز کو ہٹانے اور کچہری چوک کو مزید وسیع کرنے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آمد و رفت میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، ضلع کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے شہری اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔