وزیر اعظم محمد شہباز شریف

وزیر اعظم کی نیپالی ہم منصب کے۔پی شرما اولی سے ملاقات، دونوں ممالک کے مابین کثیر جہتی تعاون کو مزیدمستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار

نیویارک (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور نیپال کے مابین کثیر جہتی تعاون بالخصوص تجارتی، اقتصادی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزیدمستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم آفس پریس ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر نیپال کے وزیر اعظم کے۔پی شرما اولی سے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کے۔پی شرما اولی کو نیپال کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور نیپال کے مابین گہرے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی جانب سے نیپال کی حکومت و عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعاون بالخصوص تجارتی، اقتصادی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے نیپال کے وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ دونوں رہنماں نے دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔