اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم شہبازشریف نے ریٹیلرز کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسے ریٹیلرز جو ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں ان پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے چیئرمین زیاد بشیر کی قیادت میں وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم نے ریٹیلرز کے وفد کا خیرمقدم، مسائل کے حل کی یقین دہانی کرتے ہوئے ریٹیلرز کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ ایسے ریٹیلرز جو ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں ان پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا جائیگا۔
انٰہوںنے کہاکہ ایسے تمام ریٹیلرز جو ٹیکس نہیں دیتے انکو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ استعمال شدہ اشیاء کی آڑ میں ہونے والی اسمگلنگ کے سد باب کیلئے بھی اقدامات تیز کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مقامی صنعت کو جدت کو اپناتے ہوئے اپنی اشیاء کی برآمدات کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنانی چاہئے تاکہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوںنے کہاکہ ایف بی آر کی دیگر اصلاحات کے ساتھ ساتھ حکومت معیشت کو کیش لیس بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
شرکاء نے کہاکہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے وزیرِ اعظم اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مہنگائی اور شرح سود میں خاطر خواہ کمی سے مصنوعات کی کھپت اور نتیجتاً پیدوار میں اضافہ ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے۔ شرکاء نے کہاکہ امید ہے ان اقدامات سے شرح مہنگائی میں مزید کمی آئے گی،صنعتوں کا پہیہ چلنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ شرکاء نے کہاکہ حکومتی اصلاحات خوش آئند ہیں اور انکے معیشت پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہونگے،ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے سے محصولات میں اضافہ ہوگا۔
شرکاء نے کہاکہ ایسے ریٹیلرز جو ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں انکے مسائل کے حل کیلئے حکومتی اقدامات کے معترف ہیں۔اجلاس میں چیئرمین پاکستان ریٹیل بزنس کونسل زید بشیر، شاہد حسین سی ای او سروس سیلز کارپوریشن، شہریار بخش سی ای او بیچ ٹری کے ساتھ ساتھ وفاقی وزراء احسن اقبال، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔