نئی دہلی(رپورٹنگ آن لائن)بھارت میں کانگریس کے رہنما اورپارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکا کے آگے مکمل طو رپر سرینڈر کردیا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ عوام کو ایل پی جی سلنڈر حاصل کرنے میں دشوار ی کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ100باتو ں کی ایک بات ، نریندر مودی سریندر ہو گیا ہے۔انہوں نے اس تقریب کی ایک ویڈیو فوٹیج ایکس پر بھی شیئر کی ہے اورساتھ ہی پارلیمنٹ میں اپنے ساتھ ہونے والے سلوک کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ”میں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ مودی حکومت نے بھارت کی توانائی سکیورٹی سے سمجھوتہ کیا ہے تو مائیک بند کر دیا گیا ، میں نے مودی جی کا نام ایسپٹین فائل میں ہونے کا جیسے ہی ذکر ، مائیک بند کر دیا گیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں پٹرولیم کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کا بھی ذکر کرتے ہوئے لکھا” میں نے ہردیپ سنگھ پوری اور ایپسٹین سے متعلق سوال اٹھائے تو مائیک بند کر دیا گیا۔راہول گاندھی نے اپنی پوسٹ کا اختتام اس جملے پر کیا 100باتوں کی ایک بات، جو دبائے نہ دبے گی ، نریندر مودی سرینڈر ہو گیا ہے۔









