اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پولیو کے انسداد کیلئے شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پولیو کے خاتمہ کے لئے جامع حکمت عملی اور موثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گیٹس فائونڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں وفد کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ وفد میں گیٹس فائونڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس کے علاوہ ڈائریکٹر پولیو ڈاکٹر کیتھی نیوزیل اور ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو مائیکل گالوے شامل تھے جوفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور دیگر سرکاری عہدیداران بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل سد باب تک بل گیٹس فائونڈیشن جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان سے پولیو کے سدباب کے لئے بل گیٹس کی قابل قدر خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان سے پولیو کے سد باب کیلئے بل گیٹس اور سعودی عرب سمیت برادر مسلم ممالک کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جامع حکمت عملی اور موثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسں بیماری کے خلاف جاری جنگ میں خاطر خواہ کامیابی کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت موثر حکمت عملی کے تحت ملک کے طول و عرض میں پولیو ٹیموں کی رسائی ممکن بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے، ملک میں انسداد پولیو کی مہم کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت متعلقہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔وزیراعظم نے انسداد پولیو سے متعلق عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کے لئے وفاقی وزارت صحت کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
گیٹس فائونڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے کہا کہ گیٹس فائونڈیشن وزیراعظم پاکستان کی انسداد پولیو پر ذاتی توجہ اور اس تناظر میں اٹھائے گئے موثر عملی اقدامات کو نہایت قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے جو کامیابی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ اداروں سے انسداد پولیو پر تعمیری مشاورت جاری رہے گی۔ پاکستان میں پولیو وائرس کی ماحولیاتی موجودگی کے خاتمے اور تمام علاقوں میں پولیو ٹیم کی رسائی کے تناظر میں موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔
کرس ایلیاس نے پاکستان میں کامیابی سے جاری انسداد پولیو مہم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کو بل گیٹس کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری اقدامات کے نتیجے میں پاکستان جلد اس بیماری کے مکمل خاتمے کی منزل حاصل کر لے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے انسداد پولیو کے لیے جاری پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ کے تحت اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال نے وزیراعظم کی رہنمائی اور بل گیٹس کی ٹیم کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئےاقدامات مزید موثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نےبھی ملاقات میں انسداد پولیو کے تحت تمام صوبوں اور شہروں میں جاری اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وفد میں شامل گیٹس فائونڈیشن کی ڈائریکٹر پولیو ڈاکٹر کیتھی نیوزیل کو ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔









