شہباز شریف 47

وزیر اعظم شہباز شریف کی عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فون پر بات چیت، خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے کیلئے سفارتی کوششیں فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے کیلئے سفارتی کوششیں فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پیر کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ایران پر اسرائیل کے حملے کے تناظر میں بگڑتی ہوئی موجودہ علاقائی صورتحال جس کی وجہ سے پورے خطے کی امن و سلامتی خطرے میں پڑ گئی، پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کشیدگی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ ایران کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جن میں عمان نے فعال کردار ادا کیا ،جاری تھیں۔

ان حملوں نے نہ صرف اہم سفارتی عمل کو پٹڑی سے اتارا بلکہ خطے میں بات چیت کو فروغ دینے اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے مزید کشیدگی کو روکنے اور سفارتی اقدامات کو فوری دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

عمان کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے مسقط کی جانب سے علاقائی اور بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز کے درمیان مکالمے کو آسان بنانے اور اعتماد سازی کی تعمیری کوششوں کے سلسلے میں سلطان ہیثم بن طارق کی تعریف کی۔ انہوں نے عمان کی متوازن سفارت کاری کو خطے میں استحکام پیدا کرنے کے لئے اہم قرار دیا۔

دونوں رہنمائوں نے قریبی رابطے میں رہنے اور امن کی بحالی اور دیرپا علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں